امت نیوز ڈیسک //
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے اپنے خطاب میں بتایا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کی کی تین اہم ’جوہری تنصیبات‘ کو ’مکمل تباہ‘ کر دیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ جن تین جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے ان میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔
اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’یہ حملے ایک شاندار فوجی کامیابی تھے۔ ایران کی اہم جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں، ایران، مشرق وسطیٰ کا غنڈہ، اب امن قائم کرے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے مستقبل میں مزید حملوں کی طرف اشارہ بھی کیا اور کہا کہ ’ایران اب امن قائم کرے، اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو مستقبل کے حملے اس سے کہیں زیادہ شدید اور آسان ہوں گے۔‘
ایران پر حملے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کی ٹرمپ کو مبارک باد
اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے اتوار کو ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی جب صدر نے کہا کہ امریکی فوج نے ایران کے تین جوہری مقامات پر بم باری کی ہے۔
نتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا: ’مبارک ہو صدر ٹرمپ۔ ایران کی جوہری تنصیبات کو امریکہ کی زبردست اور برحق طاقت سے نشانہ بنانے کا آپ کا جرات مندانہ فیصلہ تاریخ بدل دے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان حملوں نے ثابت کر دیا کہ ’امریکہ کو واقعی کوئی شکست نہیں دے سکا۔‘
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ کہ ٹرمپ نے ’تاریخ کا رخ موڑ دیا ہے‘ جو ’مشرق وسطیٰ اور اس سے آگے ایک خوش حال اور پرامن مستقبل کی طرف لے جائے گا۔‘
اب امن ہو گا یا ایسی تباہی جو گذشتہ آٹھ دنوں میں نہیں دیکھی: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو کہا کہ اب ایران کو امن قائم کرنا ہو گا ورنہ ’ہم ایران میں دیگر اہداف کو نشانہ بنائیں گے‘، یہ بیان انہوں نے امریکی حملوں کے بعد دیا جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں نے ایرانی جوہری مقامات کو ’تباہ‘ کر دیا۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا کہ ’یا تو امن ہو گا یا ایران کے لیے ایک ایسی تباہی ہو گی جو گذشتہ آٹھ دنوں میں ہم نے نہیں دیکھی۔‘
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ٹرمپ نے اپنے خطاب میں تہران کو امریکہ کے خلاف جوابی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس ’امن یا تباہی‘ میں سے انتخاب کا اختیار ہے۔
ایران کی تین مقامات پر جوہری تنصیبات پر حملے کی تصدیق:
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے نے کہا ہے کہ ملک کی جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان ’دشمنوں‘ کے حملے کا نشانہ بنی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے نے اتوار کو ملک کی اہم جوہری تنصیبات، جن میں پہاڑ کے اندر واقع فردو بھی شامل ہے، پر امریکی حملوں کو ’وحشیانہ‘ اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ادارے نے سرکاری میڈیا پر جاری بیان میں کہا: ’آج صبح ملک کی جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان اسلامی ایران کے دشمنوں کے ایک وحشیانہ اقدام میں نشانہ بنیں، جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ادارہ کام بند نہیں کرے گا۔









