اعجاز تانترے//
گاندربل پولیس صرف ایک قانون نافذ کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ مقامی آبادی کے لیے ایک اہم سہارا بھی بن چکا ہے۔ امن و امان کی بحالی، عوامی سلامتی کو یقینی بنانے اور ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے ان کی لگن نے ’’کمیونٹی پولیسنگ‘‘ کے تصور کو مضبوط کیا ہے، جس کی عوامی سطح پر بھرپور تعریف کی جا رہی ہے۔
گزشتہ برسوں میں گاندربل پولیس نے جرائم پر قابو پانے، ٹریفک کی مؤثر نگرانی کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ حالیہ جرائم کی روک تھام نے بھی ثابت کیا ہے کہ پولیس پوری ذمہ داری کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ نوجوان نسل کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے والی لعنت – منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ – کے خلاف بھی گاندربل پولیس بھرپور مہم چلا رہی ہے۔ آگاہی پروگراموں کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی اس کی واضح مثال ہے۔
قانونی ذمہ داریوں کے علاوہ گاندربل پولیس نے عوامی فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ بلڈ ڈونیشن کیمپس، طبی امدادی کیمپ، کھیلوں کی سرگرمیاں، صفائی مہمات اور شجرکاری جیسے پروگرام اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ فورس عوام کے ساتھ گہرے تعلق میں یقین رکھتی ہے۔
20ویں صدی کے اختتام کے بعد پولیس اور عوام کے تعلقات میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ قدرتی آفات، برفباری اور سخت موسم کے دوران گاندربل پولیس ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے۔ سڑکوں کی بحالی، امدادی کارروائیاں اور فوری راحت پہنچانے کے اقدامات نے پولیس کو عوام کا محافظ اور مددگار بنا دیا ہے۔ ایمرجنسی میں ان کی فوری کارکردگی اور ہم آہنگی نے لوگوں کا اعتماد جیت لیا ہے۔
طلباء کے ساتھ ان کا رابطہ، تقریری و مباحثہ مقابلے، ثقافتی پروگرام، کھیلوں کے مقابلے اور رہنمائی سیشنز ظاہر کرتے ہیں کہ گاندربل پولیس نئی نسل کے بہتر مستقبل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی جو فضاء قائم ہوئی ہے وہ باہمی تعاون کی مضبوط بنیاد بنتی جا رہی ہے۔
آج گاندربل پولیس نظم، حوصلے اور ہمدردی کی علامت بن چکی ہے۔ ان کی انتھک کوششیں ثابت کرتی ہیں کہ پولیسنگ صرف قانون نافذ کرنے کا نام نہیں بلکہ اپنی قوم کی خدمت اور انسانیت کی بھلائی کا عمل ہے۔










