امت نیوز ڈیسک //
جموں، 21 جنوری : جموں و کشمیر حکومت نے گورنمنٹ ڈگری کالج (جی ڈی سی) ڈوڈہ کی ایک طالبہ کی مبینہ خودکشی کے معاملے کی جانچ کے لیے محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے، جبکہ کالج کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر کو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کر دیا گیا ہے۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو جی ڈی سی ڈوڈہ کی طالبہ صبا بانو کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، جو مبینہ طور پر 16 جنوری 2026 کو خودکشی کر بیٹھی تھیں۔
تحقیقات کمیٹی میں ڈاکٹر شیخ اعجاز بشیر (ڈائریکٹر کالجز، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ)، سنجے کمار ٹکو (جے کے اے ایس) (ڈپٹی سیکریٹری، حکومت جموں و کشمیر) اور سید عشرت پرویز (انڈر سیکریٹری، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ) شامل ہیں۔ کمیٹی کو سات دن کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادھر، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک علیحدہ حکم میں پروفیسر منظور احمد، اسسٹنٹ پروفیسر (کامرس)، گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران انہیں ڈائریکٹر کالجز، جموں و کشمیر کے دفتر کے ساتھ منسلک رکھا گیا ہے، تا حکم ثانی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام معاملے کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔(کے این سی)










