امت نیوز ڈیسک //
کشتواڑ، 22 فروری : فوج نے اتوار کے روز کہا ہے کہ کشتواڑ ضلع میں جاری مشترکہ آپریشن کے دوران دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی۔
فوج کے مطابق "آپریشن ترشی-ون ” کے نام سے یہ مہم اُس وقت شروع کی گئی ، جبکہ پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور فوج کے اپنے ذرائع سے علاقے میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق معتبر معلومات موصول ہوئیں۔
بیان کے مطابق وائٹ نائٹ کور کے تحت سی آئی ایف ڈیلٹا کے جوانوں نے، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر، مشکل پہاڑی علاقے میں صبح تقریباً 11 بجے دوبارہ جنگجوؤں کا مقابلہ کیا۔ اس سے قبل بھی سیکیورٹی فورسز کا جنگجوؤں سے رابطہ قائم ہو چکا تھا۔
فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو جنگجو مارے گئے۔ جائے وقوعہ سے دو اے کے-47 رائفلیں اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ پورے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ (کے این ٹی)





