امت نیوز ڈیسک //
جموں، 25 فروری : اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے بدھ کے روز نائب وزیر اعلیٰ کے بھائی وجے چودھری کی رہائش گاہ پر غیر متناسب اثاثہ جات کے معاملے میں چھاپہ مار کارروائی انجام دی، ذرائع نے بتایا۔
نیوز ایجنسی کشمیر نیوز کارنر (کے این سی) کو ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی صبح تقریباً 6 بجے شروع ہوئی جو خبر فائل کیے جانے تک جاری تھی۔ متعلقہ رہائش گاہ جموں کے علاقے سانتوکھ وہار، ٹالو کالو چک میں واقع ہے۔
وجے چودھری جموں و کشمیر پولیس میں انسپکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں گزشتہ سال ستمبر میں لداخ منتقل کیا گیا تھا اور اس وقت وہ معطل بتائے جا رہے ہیں۔
تاحال اس معاملے کی سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے جبکہ تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ (کے این سی)




