امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 03 مارچ: سرینگر پولیس نے جعلی خبروں اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سائبر پولیس اسٹیشن سری نگر میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ اقدام شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض نیوز چینلز، میڈیا ادارے اور افراد الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے دانستہ طور پر جھوٹی، من گھڑت اور گمراہ کن معلومات پھیلا رہے تھے۔ ان عناصر کا مقصد اشتعال انگیزی، عوامی نظم میں خلل ڈالنا اور معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس قسم کی بدنیتی پر مبنی مہمات امن و سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ چنانچہ پولیس نے سائبر پولیس اسٹیشن سری نگر میں ایف آئی آر نمبر 01/2026 متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق متعدد سوشل میڈیا پروفائلز کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور متعلقہ افراد کو سائبر سیل طلب کیا گیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سری نگر پولیس نے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ جعلی خبریں، اشتعال انگیز مواد یا غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں اور میڈیا اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی خبر یا مواد کو شیئر کرنے سے قبل اسے مستند اور سرکاری ذرائع سے تصدیق ضرور کریں تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن عامہ متاثر نہ ہو۔
سری نگر پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی اور کسی کو بھی امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔





