امت نیوز ڈیسک//
سرینگر، 9 مارچ : جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پیر کے روز نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے اور ایرانی کلچرل سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔
اس موقع پر محبوبہ مفتی نے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی وفات کو خطے کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ایران میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کے مسئلے کو بھی اٹھایا اور ایرانی حکام سے اپیل کی کہ وہاں موجود طلبہ کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے اور ان کی جلد از جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
بیان کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایرانی سفیر اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور ایران کے مختلف شہروں میں تعلیم حاصل کرنے والے کشمیری طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبہ محفوظ طریقے سے جلد اپنے گھروں کو واپس پہنچ سکیں۔
محبوبہ مفتی نے ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔ (سی این ایس)









