امت نیوز ڈیسک //
وارانسی، 18 مارچ: اتر پردیش کے شہر وارانسی میں گنگا دریا پر کشتی میں افطار پارٹی کرنے اور بریانی کھانے کے الزام میں 14 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عمل میں آئی جس میں مبینہ طور پر کچھ افراد کو افطار کے دوران کشتی میں بیٹھ کر گنگا میں بریانی کھاتے دیکھا گیا۔
یہ کارروائی بی جے پی یووا مورچہ کے سٹی یونٹ کے صدر راجت جیسوال کی جانب سے درج کرائی گئی تحریری شکایت کے بعد کی گئی۔ شکایت میں الزام لگایا گیا کہ گنگا جیسے مقدس دریا میں اس طرح کی سرگرمی ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔
شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ گنگا دریا سناتن دھرم کے ماننے والوں کے لیے نہایت مقدس ہے اور یہاں اس نوعیت کی سرگرمی ناقابل قبول ہے، خاص طور پر اگر کھانے کے باقیات دریا میں پھینکی جائیں۔
پولیس نے مقدمہ مختلف دفعات کے تحت درج کیا ہے جن میں عبادت گاہ کی بے حرمتی، مذہبی جذبات کو مجروح کرنا، مختلف گروہوں کے درمیان نفرت پھیلانا، عوامی خلل اور پانی کو آلودہ کرنے جیسے الزامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ واٹر (پریوینشن اینڈ کنٹرول آف پولوشن) ایکٹ 1974 کے تحت بھی کارروائی کی گئی ہے۔
ایڈیشنل کمشنر آف پولیس وجے پرتاپ سنگھ کے مطابق ویڈیو پیر کے روز وائرل ہوئی تھی جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔





