امت نیوز ڈیسک //
سری نگر : نیشنل کانفرنس نے آئندہ اسمبلی اجلاس میں اہم قانون سازی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے ایم ایل اے تنویر صادق نے کہا کہ وہ ایک پرائیویٹ ممبرز بل پیش کریں گے جس میں جموں و کشمیر میں شراب اور تمباکو پر مکمل پابندی کی تجویز شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی لینڈ گرانٹ ایکٹ 2025 بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کا مقصد غریب اور کمزور طبقات کو زمین کے حقوق واپس دلانا ہے، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ 2022 کی ترمیم کے ذریعے غریبوں سے زمین چھین لی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پی ڈی پی کے دور میں بھی ایسا بل پیش کیا گیا تھا لیکن اسے اس وقت کے وزیر خزانہ نے روک دیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات بھارت میں مہنگائی، خاص طور پر ایل پی جی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں، اور بھارت کو چاہیے کہ وہ سفارتی سطح پر امن قائم کرنے میں کردار ادا کرے۔






