امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: رکن پارلیمان انجینئر رشید کو دلی ہائی کورٹ نے اپنے علیل والد کی عیادت کے لیے ایک ہفتے کی عبوری ضمانت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے منگل کے روز یہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم گزشتہ چھ برس سے زائد عرصے سے حراست میں ہے، اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد یہ معاملہ ایک ہفتے کی عبوری ضمانت دینے کے لیے موزوں ہے۔
عدالت نے ضمانت دیتے ہوئے چند سخت شرائط بھی عائد کی ہیں، جن کے تحت انجینئر رشید کو ایک لاکھ روپے کا ذاتی مچلکہ اور اسی رقم کا ضمانتی بانڈ جمع کرانا ہوگا۔ اس کے علاوہ انہیں دو پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں رکھا جائے گا۔
عدالت نے مزید ہدایت دی کہ وہ صرف اسی رہائش گاہ یا اسپتال میں قیام کریں گے جہاں ان کے والد زیر علاج ہیں، اور انہیں کہیں اور جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہیں صرف ایک موبائل نمبر استعمال کرنے کی اجازت ہوگی جو ہر وقت آن (فعال) رہے گا۔
فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ وہ کسی گواہ سے رابطہ کرنے یا اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کریں گے، اور قریبی اہل خانہ کے علاوہ کسی اور کو ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس دوران تمام اخراجات این آئی اے برداشت کرے گی۔





