امت نیوز ڈیسک//
سری نگر، 18 مئی: دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے روز بارہمولہ کے رکنِ پارلیمان انجینئر رشید کو اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کر لی۔
عوامی اتحاد پارٹی کے مطابق انجینئر رشید کے والد، حاجی خضر محمد شیخ، جو ایک سینئر استاد اور باکردار شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے، پیر کی صبح انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر جموں و کشمیر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
والد کے انتقال کے بعد عوامی اتحاد پارٹی نے حکام سے اپیل کی تھی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انجینئر رشید کو آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دی جائے۔
انجینئر رشید اس وقت این آئی اے کی جانب سے زیرِ تفتیش مبینہ ٹیرر فنڈنگ کیس میں تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ نے ان کے والد کے جنازے اور متعلقہ رسومات میں شرکت کے لیے عبوری راحت منظور کر لی۔ (جی این ایس)






