امت نیوز ڈیسک //
تہران، 5 جولائی: ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ اتوار کو تہران کے امام خمینی مصلیٰ میں ادا کر دی گئی، جس میں لاکھوں سوگواروں نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ آیت اللہ جعفر سبحانی تبریزی نے پڑھائی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق نمازِ جنازہ تین مراحل میں ادا کی گئی۔ پہلے مرحلے میں علی خامنہ ای، دوسرے مرحلے میں ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری اور بہو زہرا حداد عادل، جبکہ تیسرے مرحلے میں ان کی کم سن نواسی زہرا محمدی کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں علی خامنہ ای کے تین بیٹے میثم، مسعود اور مصطفیٰ خامنہ ای پہلی صف میں موجود تھے، جبکہ ایران کے موجودہ رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای تقریب میں نظر نہیں آئے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق امام خمینی مصلیٰ میں گنجائش مکمل ہونے کے باعث نمازِ جنازہ سے قبل داخلی راستے بند کر دیے گئے تھے، جبکہ اطراف کی سڑکوں پر بھی بڑی تعداد میں سوگوار موجود رہے۔
رپورٹس کے مطابق تہران میں مرکزی جلوسِ جنازہ پیر کو نکالا جائے گا، جبکہ قم، نجف، کربلا اور مشہد میں بھی الگ الگ سوگ اور جنازے کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ علی خامنہ ای کی تدفین جمعرات کو مشہد میں امام رضاؑ کے روضے کے احاطے میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام کے مطابق علی خامنہ ای رواں سال 28 فروری کو ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔





