امت نیوز ڈیسک //
جموں و سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع ادھم پور کے چنانی علاقے میں ٹولڈی نالہ کے قریب امرناتھ یاتریوں کی ایک کار حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا سے تعلق رکھنے والے پانچ یاتری زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یاتری بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پہلگام جانے والے قافلے کے ساتھ سفر کر رہے تھے اور گاڑی بے قابو ہو کر شاہراہ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔
اطلاع ملتے ہی سی آر پی ایف، پولیس، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق زخمی سیما گپتا کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
ادھر حکام نے بتایا کہ نیپال کے 61 سالہ یاتری کرشن دیو ٹھاکر مقدس گپھا سے واپسی کے دوران بانہال کے قریب اچانک بیمار ہو کر بے ہوش ہوگئے۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد پہلے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال اور پھر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج ان کا انتقال ہو گیا۔




