(سرینگر) سرینگر–جموں قومی شاہراہ پر پیر کو تین روز بعد ٹریفک کی نقل وحمل بحال کر دی گئی۔ ادھر سرینگر-لیہہ شاہراہ اور مغل روڈ کئی روز سے مسلسل بند ہیں۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث شاہراہ پر جمعے کے روز کیفٹیریا موڑ، مہر، دگی پولی، خونی نالے وغیرہ جیسے کئی مقامات پر چٹاں کھسک آئی تھیں جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بند کر دی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ سے ملبہ ہٹانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام جاری تھا اور اب اس کو قابل آمد و رفت بنا دیا گیا ہے۔ دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق تازہ بھاری باری کے باعث وادی کے بعض پہاڑی علاقوں کی سڑکیں ابھی بھی بند پڑی ہوئی ہیں۔ بعض دیہی علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ گرچہ ان کی رابطہ سڑکوں سے برف ہٹایا گیا لیکن پھسلن کی وجہ سے صبح کے وقت ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر رہ جاتی ہے۔