(سرینگر) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ حکومت ان کی پارٹی سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے لئے محو جدو جہد ہے جس سے حکومت ڈرتی ہے۔ موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز پارٹی دفتر پر معروف تاجر زوہیب یوسف میر کی طرف سے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ اس موقعے پر پارٹی کے بعض سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا: ’دوسری جماعتوں کو یہاں جلسے جلوس کرنے کی اجازت ہے لیکن پی ڈی پی کو اپنے بانی کے مزار پر فاتحہ پڑھنے کی بھی اجازت نہیں ہے‘۔ ان کا کہنا تھا: ’شاید یہ (حکومت) ہم سے خوفزدہ ہیں کیو نکہ ہم سچ بولتے ہیں اور جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے ایک جدو جہد کا حصہ ہیں‘۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کوخون خرابے سے باہر نکالنا پی ڈی پی کا ایجنڈ ا ہے۔ انہوں نے کہا: ’نہ صرف اپنی کھوئی ہوئی شناخت کو بحال کرنا بلکہ جموں و کشمیر کوخون خرابے سے باہر نکالنا ہمارا ایجنڈا ہے جس سے یہاں ہزاروں لوگوں نے اپنی جانیں کھوئیں، ہزاروں بچے یتیم ہوگئے اور ہزاروں کی تعداد میں خواتین بیوہ ہوگئیں‘۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب تک ہم اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے تب تک ہم اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن حالات سے پی ڈی پی گذر رہی ہے ان میں اس جماعت میں شامل ہونا مشکل بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہماری پارٹی میں آ رہے ہیں جس ہماری حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔