(رام بن) رام بن ضلع میں ایک شخص کو اپنی 23سالہ بیوی کو قتل کرنے اور قتل کو خودکشی کے طور پر پیش کرکے تفتیش کاروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بٹوت کے پسیال دھرالٹا گاؤں کی رہنے والی نشو دیوی 23جنوری کو اپنے گھر میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھی اور موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفتیشی کارروائی شروع کی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ متوفی کا پوسٹ مارٹم ضلع اسپتال رام بن میں کیا گیا اور لاش آخری رسومات کے لیے ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ترجمان نے کہا کہ تفتیش کے دوران، مقتول کے والدین نے الزام لگایا کہ ان کی بیٹی کو اس کے شوہر اور اس کے اہل خانہ نے قتل کیا کیونکہ وہ اسے ہراساں کر رہے تھے۔متوفی کے شوہر پون کمار کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس نے اپنی بیوی کا گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کیا اور بعد میں پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے اس کی لاش کو خودکشی کا معاملہ قرار دینے کے لیے لٹکا دیا۔حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعدسزا سے بچنے کے لیے ایک سرکاری ملازم کو رشوت دینے کی کوشش کی گئی ۔