(جموں) لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی متحرک و فعال قیادت میں یونین ٹریٹری کا اک ودھان، اک نشان اور اک پردھان کا ستر سالہ پرانا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے اور مابعد پانچ اگست 2019 یہاں لوگوں نے نئے خواب دیکھنا شروع کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار پورے ملک کو جموں وکشمیر سے لے کر کنیا کماری تک ایک جھنڈا اورایک لیڈر نصیب ہوا ہے جو آج ہمارے درمیان موجود ہیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو سانبہ کے پلی گاﺅں میں پنچایتی راج دیوس کے موقع پر منعقدہ ایک عظیم الشان ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔