پونچھ: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں حادثاتی طور پر گرینیڈ دھماکہ ہوا ہے۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت سیکورٹی فورسز کے اہلکار لائن آف کنٹرول پر اپنی ڈیوٹی کر رہے تھے۔
جموں کے پی آر او ڈیفنس نے بتایا کہ ‘اس حادثاتی گرینیڈ دھماکے میں کئی جوان زخمی ہوئے ہیں۔ جب کہ ایک آرمی کیپٹن اور جے سی او کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ ہلاک ہونے والے آرمی کیپٹن کی شناخت آنند اور جے سی او بھگوان کے طور پر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 6 جولائی کو ضلع پونچھ کے ہی جولاس فائرنگ رینج میں حادثاتی دھماکہ ہوا تھا جس میں دو فوجی اہلکار شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ جنہیں علاج کے لیے پونچھ کے فوجی اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج ایک فوجی کی موت واقع ہوگئی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پونچھ کے جولاس فائرنگ رینج میں فورسز اہلکار ٹریننگ میں مصروف تھے










