اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پھرایک بار ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی تعریف کی۔ انہوں نے روسی تیل خریدنے پر ہندوستان پر مغرب کی تنقید پرناپسندیدگی کا اظہارکیا۔
لاہور میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے وزیرخارجہ ایس جئے شنکر کا ایک ویڈیوکلپ دکھایا اور ان کی تعریف کی کہ وہ روس سے سستا تیل خریدنے کے معاملہ میں امریکی دباؤ کے آگے ڈٹے رہے۔
1947ء میں پاکستان کے ساتھ آزادہونے والا ملک ہندوستان اپنے عوام کی ضرورت کے مطابق خارجہ پالیسی بناسکتا ہے تو پھر شہبازشریف حکومت ایسا کیوں نہیں کرسکتی؟۔
امریکہ نے ہندوستان سے کہاتھا کہ وہ روس سے تیل نہ خریدیں۔ ہندوستان امریکہ کا اسٹرٹیجک حلیف ہے‘پاکستان نہیں ہے۔ عمران خان نے ویڈیوکلپ دکھاتے ہوئے کہا کہ دیکھئے اس میں ہندوستانی وزیرخارجہ امریکہ سے کہہ رہا ہے کہ تم ہوتے کون ہو؟