امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: نیشنل کانفرنس نے غیر مقامی باشندوں کو اسمبلی الیکشن میں ووٹنگ حق دینے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جموں و کشمیر میں غیر مقامی باشندوں کو ووٹنگ اختیارات دے کر جموں و کشمیر کے باشندوں کو بے اختیار بنایا جا رہا ہے۔ سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے کہا کہ ’’چیف الیکٹورل آفیسر کو اپنے بیان کی صفائی اور وضاحت دینی چاہیے کہ "آڈینیری رہائشی سے وہ کیا مراد لیتے ہیں۔‘‘
تنویر صادق نے غیر مقامی باشندوں کو ووٹنگ اختیارات دینے کی مذمت کییاد رہے کہ الیکٹورل آفیسر ہردیش کمار سنگھ نے بدھ کو کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں غیر مقامی لوگوں کو بھی ووٹ دینے کا حق ہے۔‘‘ الیکٹورل آفیسر کے اس بیان کے بعد جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتیں سیخ پا ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ مرکزی سرکار جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے درپے ہے۔
تنویر صادق نے پریس کانفرنس کے دروان کہا کہ اس نئے اقدام سے کشمیر میں کوئی بھی سیاح یہاں آکر ووٹ ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں یہ فیصلہ تانا شاہی نظام کے مترادف ہے۔ انہوں نے الیکٹورل آفیسر کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر غیر مقامی شخص جو یہاں مستقل رہائش پذیر ہے، اس کے پاس دستاویز ہیں، ہمیں اُس کی ووٹنگ سے کوئی اعتراض نہیں ہے، تاہم الیکٹورل آفسیر کے مطابق کوئی بھی عارضی رہائشی ووٹ دینے کا حق رکھتا ہے جس سے یہاں کے باشندے بے اختیار ہو جائیں گے۔