نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں کشمیر حکومت نے اتوار کو جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی دو مزید بھرتیاں منسوخ کر دیں جن میں فائنانس اکاونٹس اسسٹنٹ اورجے ای سول بھرتی شامل ہیں۔اس کے علاوہ حکومت نے اس سال کے شروع میں پولیس سب انسپکٹر کے عہدوں کے انتخاب کی طرح سی بی آئی جانچ کا حکم دیا ہے۔حکومت نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے” FAAs اور JE سول بھرتی کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور انتخاب کے عمل کی تحقیقات کیلئے CBI جانچ کی سفارش کی گئی ہے،” ۔حکومت نے ٹویٹ میں مزیدکہا، “حکومت تمام امیدواروں کو یقین دلاتی ہے کہ مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ایف اے اے اور جے ای سول کے لیے نئی بھرتی کا عمل جلد شروع ہو جائے گا‘‘۔انتظامیہ کے ایک سینئر اعلیٰ افسر نے بتایا: ’’ حکومت کسی بھی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کرے گی‘‘۔