جموں//سابق نائب وزیر اعلی تارا چند سمیت 50سے زیادہ سینئر کانگریس لیڈروں نے منگل کو یہاں غلام نبی آزاد کی حمایت میں پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔
انہوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو مشترکہ استعفیٰ پیش کیا۔
سابق وزراء عبدالمجید وانی، منوہر لال شرما، گررو رام اور سابق ایم ایل اے بلوان سنگھ سمیت کئی دیگر نے ایک پریس کانفرنس میں اپنی پارٹی سے اس کی بنیادی رکنیت سمیت استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
بلوان سنگھ نے کہا کہ ہم نے آزاد کی حمایت میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کو مشترکہ استعفیٰ پیش کیا ہے۔
قائدین اور پارٹی عہدیداروں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو لکھے مشترکہ استعفیٰ نامہ میں کہا ہے کہ وہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سمیت تمام پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ اور بزرگ رہنما غلام نبی آزاد نے گزشتہ ہفتے کئی وجوہات بتا کر کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفیٰ کے بعد جموں و کشمیر میں کانگریس کے درجنوں لیڈروں اور پارٹی عہدیداروں نے بھی ان کی حمایت میں پارٹی چھوڑ دی۔
اطلاعات کے مطابق آزاد اگلے ماہ جموں و کشمیر سے قومی سطح کی پارٹی شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ابھی تک صرف کانگریس قائدین اور اپنی پارٹی کے ایک سابق ایم ایل اے نے آزاد کیمپ میں شمولیت اختیار کی ہے۔