جموں// جموں و کشمیر میں زیر تعمیر 111 کلو میٹر طویل بانہال- کٹرہ ریلوے لنک پر دو اسٹینشوں کو جوڑنے والی 9.8 کلو میٹر ٹنل کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔
یہ ٹنل 272 کلو میٹر طویل اودھم پور – سری نگر- بارہمولہ ریلوے لائن پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے۔
یہ اس ریولے لائن پروجیکٹ پر تعمیر ہونے والی تیسری ٹنل ہے اور اس سے قبل اس ریلوے لائن پروجیکٹ پر انڈین ریلویز کی سب سے لمبی 12.6 کلو میٹر طویل ٹنل رواں کے ماہ جنوری میں مکمل کی گئی۔
ایک ریلوے عہدیدارنے بتایا کہ ہم اودھم پور – سری نگر- بارہمولہ ریلوے لائن پر بانہال- کٹرہ سیکشن میں ڈوگا اور سولاکوٹ اسٹیشنوں کو جوڑنے والی ٹنل کی تعمیر مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اودھم پور – سری نگر- بارہمولہ ریلوے لائن ایک قومی ریلوے پروجیکٹ ہے اور انڈین ریلویز اس پروجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
موصوف عہدیدار نے کہا کہ جموں کی طرف قائم ڈوگا ریلوے اسٹیشن کو سوالا کوٹ اسٹیشن کے ساتھ سری نگر کی طرف جوڑا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کٹرہ – بانہال سیکشن میں قائم اس پروجیکٹ کے سات میں سے دو اسٹیشنوں کو اس ٹنل سے جوڑا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹنل پر سال2018 میں کام شروع ہوا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 272 کلو میٹر طویل اودھم پور – سری نگر- بارہمولہ ریلوے لائن پروجیکٹ کا کام مرحلہ وار طور شروع کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں قاضی گنڈ – بارہمولہ سیکشن میں 118 کلومیٹر طویل لائن کا کام اکتوبر 2009 میں شروع کیا گیا تھا جبکہ جون2013 میں بانہال- قاضی گنڈ سیکشن میں 18کلو میٹر اور جولائی 2014 میں اودھم پور- کٹرہ میں 25 کلو میٹر طویل لائن کا کام شروع کیا گیا تھا۔
کٹرہ سیکشن میں زیر تعمیر 111 کلو میٹر طویل لائن پر 37 پل اور35 ٹنلز ہیں۔