لندن: 47 سالہ خاتون وزیر خارجہ لز ٹُرس مخالف امیدوار رشی سنک کو واضح شکست دیکر برطانیہ کی نئی وزیراعظم بن گئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں وزیر اعظم کے چناؤ کے لیے ہونے والے الیکشن میں لز ٹرس نے میدان مارلیا۔ ان کے مدمقابل سابق وزیر خزانہ 42 سالہ رشی سنک تھے۔
وزیر خارجہ رہنے والی لز ٹرس کنزرویٹو کی چوتھی اور ملک کی تیسری خاتون وزیراعظم بن گئیں ان سے قبل تھریسامنے اور مارگریٹ تھیچر ملک کی خاتون وزیراعظم رہ چکی ہیں۔
ملک کی نئی وزیراعظم کا انتخاب ووٹ دینے کے اہل 2 لاکھ ٹوری اراکین کے ذریعے کیا گیا جس میں آغاز سے ہی لز ٹُرس کو اپنے مدمقابل امیدوار رشی سنک پر سقبت حاصل رہی تھی اور حتمی نتیجہ بھی لز ٹُرس کے حق میں ہی آیا۔
وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں لز ٹرس نے الیکشن کو سخت جدوجہد کا مقابلہ قرار دیا اور اس کے لیے مخلاف امیدوار رشی سنک کا شکریہ بھی ادا کیا اور ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کا عہد کیا۔
خیال رہے کہ بورس جانسن کو کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد جولائی میں مستعفی ہوگئے تھے اور اب وہ کل ملکہ الزبتھ سے ملنے اسکاٹ لینڈ جائیں گے تاکہ باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ پیش کر سکیں۔
بورس جانسن کے باضابطے مستعفی ہونے کے بعد لز ٹُرس ملکہ برطانیہ سے ملاقات کریں گی جو انھیں حکومت بنانے کی دعوت دیں گی۔