نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کئی مسلم دانشوروں سے ملاقات کی اور حالیہ تنازعات اور ملک میں مذہبی شمولیت کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ آر ایس ایس کے قریبی ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میٹنگ کا اہتمام سنگھ کے نظریات کی تشہیر اور مذہبی شمولیت کے موضوع کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا تھا۔
میٹنگ میں گیان واپی تنازعہ، حجاب تنازعہ اور آبادی کنٹرول جیسے حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی، دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ اور سابق ایم پی شاہد صدیقی جیسے کئی دانشوروں نے شرکت کی۔
سابق رکن پارلیمنٹ شاہد صدیقی نے کہا کہ ملک میں امن اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لیے بات چیت ہوئی،ہمیں تشویش ہے کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے ملک میں مذہبی اتحاد کمزور ہو رہا ہے۔ لہٰذا، ہم سب نے ملک میں امن اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے اور اسے مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سابق ایم پی نے یہ بھی کہا کہ موہن بھاگوت ایک ایسی تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں جس کی پیروی بہت سے کرتے ہیں۔
لہٰذا ہم سب نے ایک میٹنگ کی اور ملک میں مذہبی شمولیت کو مضبوط بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گیان واپی مسجد کا معاملہ عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ میں ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور بین المذاہب تعلقات کو بہتر بنانے پر وسیع تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم، میٹنگ کے دوران گیان واپی مسجد کے تنازعہ اور نوپور شرما کے حالیہ ریمارکس جیسا کوئی متنازعہ مسئلہ زیر بحث نہیں آیا۔