سرینگر//حضرت سلطان العارفین محبو ب العالم شیخ حمزہ مخدومیؒ صاحب کے 456ویں عرس مبارک کے سلسلے میں آج بدھ کو کوہ ماران کے دامن میں واقع ان کے آستان عالیہ پر روح پرور تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں نے حصہ لیا ۔ حضرت سلطان العارفین محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ ؒکے عرس مبارک کے سلسلے میں گزشتہ 13دنوں سے ان کے آستان عالیہ پر عقےدتمندوں کا تانتا بندھا رہا اور مرد و زن ،بچے اور بوڑھے درود و ازکار میں محورہے ۔ عرس پاک کے اختتام کے سلسلے میںہزاروں عقےدتمند جس میں خواتےن کی ایک بہت بڑی تعداد شامل تھی آستان عالیہ پر جمع رہے اور رات بھر شب خوانی کی اور درود و ازکار کی محفلیں آراستہ کیںاور آج بدھ کو نماز فجر کے وقت سے ہی آستان عالیہ پر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد حاضر ہوئی جنہوںنے محبوب العالم ؒ کے آستان عالیہ سے وابستہ اپنے عقیدے کااظہار کرتے ہوئے وہاں منعقدہ روح پرور مجالس میں شرکت کی ۔ ادھر دن بھر کوہ ماراں کے دامن میں واقع حضرت محبوب العالم کے آستان عالیہ پر عقیدت مندوں کی کافی تعداد نے حاضری دی جبکہ پنچ گانہ نمازوں کے بعد خصوصی دعائیں،ختمات المعظمات،دورود اذکار کی محفلیں بھی منعقد ہوتی رہیں جس میں رقعت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔عرس مبارک کی مناسبت سے کئی سرکردہ علمائے دین نے بھی حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کی سیرت پر روشنی ڈالیتے ہوئے کہا کہ اسلام کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں سلطان العارفین کی خدمات نا قابل فراموش ہے۔ دوران شب کئی علماءاور مقررین نے حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی ؒ کی تاریخ ساز اسلامی خدمات ، روحانی کمالات اور اُن کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی ۔ادھر ہر نماز کے بعد دورود و زکار اور نعت و مناجات کی خصوصی محفلیں آراستہ ہوئیں جس دوران وہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور لوگ اللہ کے حضور گڑگڑاکر اپنے گناہوں کی مغفرت اور حاجات روائی کی دعائیں کرتے دیکھے گئے ۔ عرس پاک کے سلسلے میں وادی کے اطراف واکناف سے عقیدت مند آئے جن میں مرد خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ ادھر عرس کے سلسلے میں اختتامی تقریب جمعتہ المبارک کو انجام دی جائیگی ۔ عرس پاک کے سلسلے میں ایسی ہی تقاریب تجر شریف سوپور جہاں پر حضرت محبوب العالم ؒ کی جائے پیدائش ہے کے علاوہ اہم شریف بانڈی پورہ ، کپرن ، مکہامہ بانڈی پورہ ، لتر پلوامہ ، جامع پانپور ، زیارت سید میر یعقوب صاحب سونہ وار ، کھاگ بیروہ ، لارن کوکرناگ ، تولہ مولہ گاندربل اور دیگر مقامات پر بھی منعقد ہوئے جہاں پر علمائے کرام نے حضرت شیخ حمزہ ؒ کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی ۔اس دوران انتظامیہ نے زائرین کیلئے معقول انتظامات بھی کئے تھے جبکہ کئی جگہوں پر طبی کیمپوں کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا تھا جبکہ کئی جگہوں پر رضاکاروں کی طرف سے منعقدہ کیمپوں میں گرم مشروبات عقیدت مندوں میں تقسیم کئے جا رہے تھے۔