امت نیوز ڈیسک//
جموں: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپنے دو روزہ دورے پر جموں پہنچ چکے ہیں۔ وزیر داخلہ آج جموں کے ضلع راجوری میں ایک عوامی ریلی میں شرکت کریں گے اور وہ وشنو دیوی مندر میں پوجا بھی کریں گے۔ وزیر داخلہ کے جموں دورے کے پیش نظر پورے صوبے میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آرمی اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران ایک روز قبل ہی جموں پہنچ گئے تھے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں و کشمیر بالخصوص جموں صوبے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکام نے جموں صوبے کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے۔










