امت نیوز ڈیسک//
جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے آج آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل ملک کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا پر زور دیا ہے کہ وہ کھیل کو کھیل تک ہی محدود رکھیں اور سوشل میڈیا پر پوسٹس سے گریز کریں۔
اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کشمیری طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور کیریئر کو ترجیح دیں جس کے لیے وہ جموں و کشمیر سے ملک کے مختلف علاقوں میں گئے ہیں۔
ایسوسی ایشن نے طلبا سے اپیل کی کہ وہ کھیل کو کھیل تک ہی محدود رہنے دیں اور میچ کے دوران اور بعد میں سوشل میڈیا پوسٹس سے گریز کریں جس سے ملک میں کسی بھی ادارے میں بدنظمی پیدا ہوسکتی ہے۔
بیان میں کہا گیاکہ طلباء کو غیر ضروری بحث ومباحثوں یا سوشل میڈیا پر گفتگو میں نہیں پڑنا چاہئے اور حقیقی کھلاڑی کے جذبے کے ساتھ کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔









