امت نیوز ڈیسک //
سابق کانگرس لیڈر غلام نبی آزاد نے کانگریس میں واپسی کی خبروں کو بے بنیاد اور افواہ قرار دیا۔ آزاد نے ٹویٹر پر لکھا کہ ان کی کانگریس میں واپسی کے متعلق خبریں افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ اس قسم کی خبریں کانگرس کے کچھ لیڈران پھیلا رہے ہیں کیونکہ وہ میری پارٹی کے لیڈران اور کارکنوں کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتے۔ انہوں کہا کہ ان کی کانگریس یا ان کی قیادت کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے تاہم میں ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ان قصہ گوئی کرنے والوں کو کہیں کہ وہ ایسا کرنے سے باز رہیں۔
غلام نبی آزاد کا ٹویٹقابل ذکر ہے کہ آزاد کے متعلق آج خبریں شائع کی گئی کہ غلام نبی آزاد کے کانگریس پارٹی میں واپسی کا امکان ہے اور اس سلسلے میں وہ کانگریس کے دو رہنماؤں کے رابطے میں بھی ہیں۔ خبروں کے مطابق گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے دوران آزاد نے دعویٰ کیا تھا کہ صرف کانگریس ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے مقابلہ کر سکتی ہے۔ اس دوران آزاد نے کہا تھا کہ وہ کانگریس کی پالیسی کے خلاف نہیں ہیں لیکن اس کے کمزور نظام کے مسائل ہیں۔
واضح رہے کہ غلام نبی آزاد نے 26 اگست کو کانگریس پارٹی سے اپنی 52 سالہ طویل وابستگی چھوڑ دی اور اکتوبر میں اپنی نئی سیاسی تنظیم ‘ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی’ تشکیل دی۔ یہ خبریں ایسے وقت گشت کر رہی ہے جب حالیہ دنوں میں آزاد کی نئی پارٹی میں پھوٹ پڑگئی جس کے نتیجے میں آزاد کے قریبی ساتھی اور جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تاراچند سمیت 126 لیڈران و کارکنان نے آزاد کی پارٹی کو الوداع کہہ دیا۔ وہیں دو سابق رکن اسمبلی رشید ڈار اور چودھری اکرم بھی آزاد سے دوریاں بنائے ہوئے ہیں۔









