امت نیوز ڈیسک //
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے پہلگام علاقے میں مبینہ طور پر سرکاری اراضی پر تعمیر حزب المجاہدین کے ایک جنگجو کے مکان کی توسیعی دیوار کو حکام نے ہفتہ کے روز منہدم کر دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ۔ کشمیر نیوز آبزرور کے این او) نے سرکاری زرائع کے حوالے سے بتایا کہ لیور پہلگام میں غلام نبی خان عرف عامر خان کے گھر کی دیوار گرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عامر حزب کا آپریشنل کمانڈر ہے جو 90 کی دہائی کے اوائل میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہوا اور وہاں سے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عامر وادی میں ملی ٹینسی کو فروغ دینے کیلئے مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس کے گھر کے قریب تعمیر توسیع دیوار سر کاری اراضی پر تعمیر کی گئی تھی، جسے مسمار کرنے کیلئے مجاز اتھارٹی سے باضابطہ اجازت لی گئی۔
قبل ازیں پلوامہ کے راج پورہ علاقے میں جیش کے عسکریت پسند عاشق احمد نگر و عرف امجد بھائی حاجن بالا کے گھر کو بھی مسمار کیا گیا تھا۔