امت نیوز ڈیسک //
سری نگر/ جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں کی شہری آبادی کو راحت پہنچانے کے لئے بھارتی فضائی فورس نے کرگل سے سری نگر اور جموں تک کورئیر خدمات شروع کی ہیں۔
دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موسم سرما کے دوران برف باری کے باعث کرگل سے سری نگر کا زمینی رابطہ بند ہونے سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا: ’بھارتی فضائی فورس عام شہریوں کو راحت و مدد بہم پہنچانے کے علاوہ کسی بھی غیر متوقع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس و چوکنا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما کے مشکل وقت میں فضائیہ فورس مقامی لوگوں کو سری نگر سے کرگل اور کرگل سے جموں اور سری نگر ائیر لفٹ کرانے کے لئے سہولیت فراہم کرتا ہے۔
موصوف دفاعی ترجمان نے کہا کہ آئی اے ایف ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دور افتادہ علاقوں میں مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کا کام بھی انجام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امسال کرگل سے سری نگر اور جموں کورئیر سروس 18 جنوری سے شروع کی گئی اور یہ سروس سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہونے تک جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کورئیر سروس سری نگر سے کرگل ہفتے کی ہر پیر اور بدھ کو چلے گی جبکہ کرگل سے جموں ہفتے کی ہر منگل اور جمعرات کو آپریٹ کرے گی۔(یو این آئی)