امت نیوز ڈیسک //
سرینگر / جموں و کشمیر پر دیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے صدر وقار رسول وانی نے جمعرات کو کہا کہ مرکز کو فوری طور پر جموں و کشمیر میں ریاستی درجہ بحال کرنا چاہئے اور یہاں اسمبلی انتخابات کرانے چاہئے۔ انہوں نے مرکز میں بر سر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر جموں و کشمیر میں آمریت پھیلانے کا بھی الزام لگایا۔
وانی نے یہاں پی سی سی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”ہم جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے اور اسمبلی
انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پی سی سی کے سربراہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے ” صحیح کہا ہے کہ حکومت کا جموں و کشمیر میں ریاستی درجہ کی بحالی کا کوئی ارادہ نہیں ہے "۔ بی جے پی نے یہاں آمریت پیدا کی ہے۔ بلڈوزر یا پبلک سیفٹی ایکٹ کے نام پر لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے اور ڈرایا جا رہا ہے۔ جو کوئی بھی آواز اٹھاتا ہے اسے گر فتار کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے”۔
وانی نے کہا کہ جب جموں و کشمیر پہلے ہی شدید بے روزگاری کی زد میں ہے، حکومت ریاستی اراضی کو واپس لینے کی آڑ میں مسماری اور بے دخلی کے ذریعے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ ”رام بن میں، انتظامیہ نے 160 کانوں کو سیل کر دیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ 120 لوگوں کی روزی روٹی ختم ہو گئی ہے۔ آج جموں و کشمیر بے روزگاری میں پہلے نمبر پر ہے“۔کانگریس لیڈر نے کہا، ”جموں و کشمیر کے لوگوں کو غربت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ وہ باغبانی پیداوار کی قیمتوں کو نیچے لارہے ہیں، جس کی وجہ سے کچھ کا شیکار اپنے سیب کو دریا میں پھینکنے پر مجبور ہوئے ہیں یا انہوں نے پھل بالکل نہیں اٹھایا۔ کاشیکاروں کا کہنا ہے کہ قیمت اس حد تک کم کی گئی ہے کہ پیداواری لاگت منافع سے کہیں زیادہ ہے”۔
بعد ازاں ، وانی نے بی جے پی، پیپلز کا نفر نس اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کئی لیڈروں اور کارکنوں کا انگریس پارٹی میں خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا، پچھلے پانچ چھ مہینوں سے، بڑی تعداد میں رہنما اور کارکنان کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یا ترا کے بعد ، ہمیں لوگوں کی طرف سے پارٹی میں شامل ہونے کیلئے مکتوب ملے ہیں۔










