امت نیوز ڈیسک //
سرینگر/10اپریل//پولیس افسرکی مبینہ رشوت لیتے ہوئے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمہ نے اے ایس آئی سمیت دو اہلکاروں کو معطل کردیا ہے جبکہ معاملے کی چھان بین شروع کردی گئی ہے ۔جموں و کشمیر پولیس نے پیر کو دو پولیس اہلکاروں کو اس وقت معطل کر دیا جب رام بن ضلع میں ایک ڈرائیور سے رشوت لینے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں رام بن بازار سے تریشول موڑ تک تعینات ٹریفک پولیس اہلکار کو ناکا تریشول موڑ پر ایک ڈرائیور سے پیسے لے کر غیر پیشہ ورانہ حرکت میں ملوث دیکھا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد لطیف اور ان کے انچارج اے ایس آئی بنی کمار کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں کے این او کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔









