امت نیوز ڈیسک //
دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے انڈرگریجویٹس کے لیے پولیٹیکل سائنس کے نصاب سے اردو اسکالر شاعر ملت و مشرق اور سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا نظم کے خالق علامہ اقبال پر مبنی ایک باب کو ہٹانے کی تجویز کو منظور کیا ہے۔
دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر یوگیش سنگھ کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو توڑنے کی بنیاد رکھنے والوں کو نصاب میں نہیں ہونا چاہیے۔
جناب سنگھ نے کہا ہے کہ "اقبال نے مسلم لیگ اور تحریک پاکستان کی حمایت میں گیت لکھے ہے اور اقبال سب سے پہلے تقسیم ہند اور قیام پاکستان کا نظریہ پیش کرنے والے تھے، ایسے لوگوں کے بارے میں پڑھانے کے بجائے ہمیں اپنے قومی ہیروز کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
پولیٹیکل سائنس کورس سے علامہ اقبال پر مبنی ایک باب کو ہٹانے کی قرارداد کو کونسل کی جانب سے منظور کر لیا گیا ہے جس کا ایک اجلاس جمعہ کے روز (26 مئی 2023) منعقد ہوا تھا جس میں کونسل نے بیچلر آف ایلیمنٹری ایجوکیشن (بی ایل ایڈ) پروگرام کو چار سالہ مربوط ٹیچر ایجوکیشن پروگرام سے تبدیل کرنے کی قرارداد کو منظوری دی ہے۔
ادھر اکیڈمک کونسل کے 6 ارکان نے اس تجویز کے خلاف عدم اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں اساتذہ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ہے اور اب یہ معاملہ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے سامنے رکھا جائے گا جو حتمی فیصلہ کرے گی۔









