امت نیوز ڈیسک //
ترکی کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے کامیابی حاصل کرلی اور وہ اگلے 5 سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔
صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہی جس میں صدر اردوان نے 52.12 فیصد ووٹ لئے جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 47.88 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔
نتائج کے مطابق صدر اردوان نے 2 کروڑ 68 لاکھ37 ہزار 84 ووٹ لیے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 2 کروڑ 46 لاکھ 54 ہزار 839 ووٹ لیے ہیں۔
صدارتی انتخاب میں ٹرن آؤٹ 85 فیصد سے زائد رہا۔ اس کے علاوہ اوورسیز ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ ترکی میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔
واضح رہیں کہ رجب طیب اردوان 2003 سے 2014 تک ترکی کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے، اور 2014 سے 2023 تک انہیں دو بارہ صدر منتخب کیا گیا اور آج کے انتخابات کے ساتھ موصوف تیسری بار ترکی کے صدر منتخب ہوئے۔









