امت نیوز ڈیسک //
سرینگر (جموں و کشمیر): متنازعہ بیانات پر سرخیوں میں رہنے والے جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ’’مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ بی جے پی آئندہ (2024) لوک سبھا انتخابات میں شکست سے دوچار ہوگی۔‘‘ ستیہ پال ملک کے بیان پر جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سرپرست محبوبہ مفتی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ’’ایسا لگتا ہے کہ 2024 کے انتخابات میں یقینی شکست سے واقف بی جے پی کے بارے میں ستیہ پال ملک کے حالیہ دعوے سچ ثابت ہو رہے ہیں۔‘‘
ٹویٹر پر ستیہ پال ملک کا ویڈیو بیان شیئر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی قطعاً کامیاب نہیں ہوگی اور انہیں بھی اس بات کا بخوبی علم ہے۔ اور ستیہ پال ملک کے دعوے سچ ثابت ہو رہے ہیں کہ بی جے پی کسی بھی شرمناک حد تک شر پسندی یا تشدد کا راستہ اختیار کر سکتی ہے۔ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ میں مزید کہا: ’’ برسراقتدار پارٹی کا اقتدار میں رہنے کے لیے ’سب کا وناش‘ کا اصل ایجنڈا شروع ہو گیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ جموں و کشمیر، بہار، گوا اور میگھالیہ کے گورنر رہ چکے ستیہ پال ملک کا ایک ویڈیو (انٹرویو) وائرل ہوا جس میں انہوں نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی خصوصاً وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ویڈیو انٹرویو میں ستیہ پال ملک کہتے ہیں: ’’انتخابات میں بی جے پی کی شکست یقینی ہے اور اپنی ہی پارٹی (یعنی بی جے پی) کے لوگ ہی اُسے (نریندر مودی) کو (عہدے سے) ہٹا سکتے ہیں۔ مجھے ڈر ہے کہ (اس سب سے بچنے کے لیے) وہی کوئی خرافات نہ کر دیں، رام مندر پر حملہ یا کسی لیڈر کو قتل نہ کروا دیں۔ جو پلوامہ (حملہ) کرا سکتا ہے وہ ایسا کچھ بھی کرنے کا پوری طرح سے اہل ہے۔‘‘ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ستیہ پال ملک نے پلوامہ حملہ – جس میں سی آر پی ایف کے 40سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے تھے – کے لیے راست نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔








