امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 04 اگست :سری نگر پولیس نے جمعہ کو کہا کہ اس نے سری نگر کے نٹی پورہ علاقے میں کالعدم تنظیم ٹی آر ایف سے منسلک تین ملی ٹینٹ ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے۔
نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، مخصوص انٹیلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے، سری نگر پولیس کی ایک چھوٹی ٹیم نے کالعدم تنظیم سے منسلک تین عسکری معاونین کو گرفتار کیا۔ ان کی شناخت عمران احمد نجار ولد مرحوم عبدالرحمن نجار ساکنہ بلبل باغ بارہمولہ، وسیم احمد مٹہ ولد طارق احمد مٹہ ساکنہ قمر واری سری نگر اور وکیل احمد بٹ ولد نذیر احمد بٹ ساکنہ پازلپورہ بجبہاڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 ہینڈ گرنیڈ، 10 پستول کے راؤنڈ، 25 اے کے 47 راؤنڈز اور دیگر مجرمانہ مواد بھی برآمد کیا گیا۔ "وکیل احمد بھٹ پہلے ایک سرگرم ملی ٹینٹ تھا جس کا تعلق کالعدم تنظیم ISJK سے تھا اور وہ دو سال تک جیل میں بند تھا اور حال ہی میں سینٹرل جیل سے ضمانت پر رہا ہوا تھا”۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ تینوں نے سری نگر شہر میں عسکری سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے ٹی آر ایف کے سرگرم ملی ٹینٹوں سے دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود اکٹھا کیا تھا۔ اس کے بعد، ایف آئی آر نمبر 46/23 سیکشن 3/4 ایکسپلوسیو ایکٹ، 7/25 آرمس ایکٹ، 18، 23، 39 یو اے پی اے ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن چھانہ پورہ میں درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔