(نیو یارک)معروف امریکی مکسڈ مارشل (ایم ایم) فائٹر امبر لیبروک نے اسلام قبول کرتے ہوئے ایمان کو روحانی سکون اور طاقت کا سرچشمہ قرار دے دیا۔امبر لیبروک نے کم عمری میں مکسڈ مارشل فائٹنگ کا کیریئر شروع کیا تھا اور انہوں نے کم عمری میں ہی متعدد کامیابیاں حاصل کیں۔امبر لیبروک نے زیادہ تر مکسڈ مارشل فائٹ کے مقابلوں میں اپنے حریفوں کو سخت وقت دیتے ہوئے فائٹنگ رنگ میں ان کی خوب پٹائی کی اور ہر ایونٹ کی زیادہ تر میچز میں فتوحات بھی حاصل کیں۔امبر لیبروک نے ایم ایم فائٹ مقابلوں میں جیت کے عوض متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔سال 2023 کے پہلی سہ ماہی کے بعد امبر لیبروک کو مختلف فائٹس کے دوران شکست کا سامنا رہا یا پھر انہوں نے کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی، جس وجہ سے وہ کچھ مایوس بھی تھیں۔فائٹنگ مقابلوں میں مسلسل شکست اور مایوسی کے بعد ہی امبر لیبروک نے روحانی سکون حاصل کرنے کے لیے مختلف عقائد کے افراد سے تعلق جوڑا اور پھر ایک مسلمان عالم دین نے انہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی تجویز دی۔امبر لیبروک نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اعتراف کیا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ملنے والی مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے وہ پریشان تھیں، انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ان کی زندگی میں کیا چل رہا ہے۔انہوں نے لکھا کہ تاہم بعد میں انہیں سمجھ آیا کہ ان کی زندگی میں یہ سب کچھ انہیں ایک بڑے مقصد کے قریب لے جانے کے لیے ہو رہا ہے اور یہ سب کوششیں دراصل انہیں خدا تعالیٰ سے جوڑنے کے لیے تھیں۔امبر لیبروک نے اعتراف کیا کہ ان کی زندگی میں جو کچھ بھی ہوا، وہ ان کی مرضی نہیں بلکہ خدا کی مرضی کے مطابق ہوا اور انہوں نے ایمان اور عقائد کو روحانی تقویت اور سکون کا سبب بھی قرار دیا۔علاوہ ازیں انہوں نے ایک اسپورٹس چینل سے بھی مذہب اسلام میں داخل ہونے سے متعلق بات کی، جس میں وہ مسلمان خواتین کے ہمراہ اسلامک سینٹر میں نماز جمعہ ادا کرتی دکھائی دیں۔انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کو زندگی کا سکون قرار دیا اور مذہب اسلام سے شناسائی کا کریڈٹ اپنے روحانی استاد کو دیا، جنہوں نے انہیں اسلام سے روشناس کرایا۔امبر لیبروک نے اسلام قبول کرنے کے بعد ایم ایم فائٹ کے کیریئر کو جاری رکھا ہے، تاہم اب وہ فائٹنگ رنگ میں مکمل پینٹ شرٹ کے ساتھ دکھائی دیتی ہیں۔دائرہ اسلام میں داخل ہونے سے قبل امبر لیبروک عام طور پر فائٹنگ رنگ میں ریسلر اور فائٹرز کی مختصر ڈریس میں دکھائی دیتی تھیں۔