امت نیوز ڈیسک //
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔
پاکستان نے سری لنکا کا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کےنقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا، عبداللہ شفیق 113 اور محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
345 رنز کا ہدف ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کامیابی سے حاصل کیا ہوا سب سے بڑا ہدف ہے۔
اس سے قبل 2011 کے ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔
پاکستان نے ورلڈکپ میں پہلی بار 263 رنز سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا
اس سے قبل 1992 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 263 کا ہدف عبور کیا تھا۔
واضح رہے کہ منگل کو ورلڈکپ کا آٹھواں میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا گیا جہاں لنکن کپتان داسن شناکا نے کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔