امت نیوز ڈیسک //
سرینگر (جموں و کشمیر):جہاں بدھ کے روز صدر جمہوریہ ہند، دروپدی مرمو اپنے دو روزہ دورے پر جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر پہنچ گئیں، وہیں جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ محبوبہ مفتی نے انتظامیہ کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ انہیں انتظامیہ نے خانہ نظر بند رکھا ہے اور انہیں پارٹی دفتر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا: ’’یہ جان کر صدمہ ہوا کہ میں گھر سے پارٹی دفتر (لال چوک) تک نہیں جا سکتی، وہ بھی محض اس وجہ سے کہ محترمہ صدر صاحبہ آج سرینگر کے دورے پر ہیں۔‘‘ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ ’’یہاں (کشمیر میں) نقل و حرکت کا حق کسی بھی وقت چھین لیا جاتا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ صدر جموریہ ہند، آج فوج کی 15 کور ہیڈ کوارٹر میں وار میموریل پر شہیدوں کو خراج پیش کریں گیں اور اس کے بعد کشمیر یونیورسٹی میں کنووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔ محبوبہ مفتی کو خانہ نظر بند رکھنا کوئی غیر معمولی عمل نہیں، انہیں کئی بار خانہ نظر رکھا گیا تاہم کئی بار انتظامیہ، پولیس نے اس کی تردید بھی کی جبکہ محبوبہ نے سماجی رابطہ گاہ پر ان کے رہائشی گھر کی تصاویر بھی شیئر کیں ہیں جس میں دروازہ مقفل اور پولیس پہرا بھی دکھایا گیا”۔