امت نیوز ڈیسک //
سرینگر (جموں و کشمیر): مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی صورتِ حال، انتخابات اور دیگر اہم معاملوں پر رواں مہینے کے آخری ہفتے میں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ اس تعلق سے ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ "وزیر داخلہ امت شاہ اکتوبر مہینے کے آخری ہفتے میں جموں و کشمیر کی صورتِ حال، انتخابات اور دیگر معاملات پر اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔”
اُن کا مزید کہنا تھا کہ "اس اجلاس میں جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر عہدیداران اور پولیس افسران اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوبال بھی شرکت کر سکتے ہیں۔” ذرائع کے مطابق "چند روز قبل وزارت داخلہ نے اپنی سالانہ رپورٹ شائع کی تھی۔ اس سے واضح ہوا تھا کہ وادی کی صورتِ حال بہتر ہوئی ہے۔ اس کے انتخابات (میونسپل اور پنچایت) کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا جانا باقی ہے۔ اس کے علاوہ ڈی جی پی رواں مہینے کے آخر میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ان تمام معاملات پر اجلاس کے دوران تبادلہ خیال ہو سکتا ہے۔”
اُن کا مزید کہنا تھا کہ "اسمبلی انتخابات کے حوالے سے ابھی تک کوئی بات نہیں کی گئی ہے۔ ویسے بھی وہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ سیکیورٹی صورت حال پر ضرور بات چیت ہوگی”۔( ای ٹی وی بھارت)