امت نیوز ڈیسک //
جموں کشمیرپولیس نے راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں مشتبہ حالات میں گھوم رہے دو نوجوانوں کو حراست میں لیا۔
سٹار نیوز نیٹ ( ایس این این ) کے مطابق تھانہ منڈی علاقے میں مشتبہ حالات میں گھوم رہے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ دونوں پراسرار ماسک پہنے مشکوک حالات میں گھوم رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پیر کو ایودھیا میں ہونے والے پران پرتیشتھا پروگرام اور آنے والے یوم جمہوریہ کو مدنظر رکھتے ہوئے راجوری ضلع میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ منڈی انسپکٹر ہلال اظہر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے دونوں نوجوانوں کو ماسک پہنے اور تھانہ منڈی میں مسافر گاڑیوں کے گرد مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا اور انہیں پکڑ لیا۔ انہیں حراست میں لے کر تفتیش کیلئے رکھا گیا ہے۔ان کی شناخت واجد زمان ولد محمد زمان اور یاسر محمود ولد محمد اکبر کے طور پر ہوئی ہے، دونوں تھانہ منڈی کے علاقے مانیال گلی کے رہائشی ہیں۔ انہیں احتیاطی حراست کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔