امت نیوز ڈیسک //
شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کرناہ میں سیکورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر کے 5 عسکری معاونین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایس پی کپواڑہ نے بتایا کہ فوج کی 09 پیرا فیلڈرجمنٹ کی مدد سے پولیس نے اسلحہ اور گولہ بارود کی سمگلنگ میں ملوث عسکری ماڈیول کا کامیابی سےپردہ فاش کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے، جس کی دیگر ایجنسیوں نے مزید تصدیق کی، پولیس نے کرناہ میں پانچ عسکری معاونین کو گر فتار کیا اور بھاری مقدار میں ہتھیار ضبط کر لئے۔ یہ ماڈیول پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مقیم 2 جنگجو ہینڈلرز کی رہنمائی میں کام کر رہاتھا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ یہ ہینڈ لرز جن کی شناخت منظور احمد شیخ اور قاضی محمد خوشحال کے طور سے ہوئی ہے ، ظہور احمد بھٹ سے رابطے میں تھے ، جو ایک آپریشن کے دوران پکڑا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ظہور بھٹ سے ، پولیس نے نے ہتھیاروں کا ایک ذخیرہ برآمد کیا، جس میں ایک اے کے رائفل،پستول اور گولہ بارود بھی شامل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مزید لیڈز کی بنیاد پر جنگجووں کے مزید چار ساتھیوں کو
گر فتار کیا گیا جن میں خورشید احمد را تھر ، مدثر شفیق، غلام سرور را تھر اورقاضی فضل الہی شامل ہیں۔ ان کے قبضے سے پانچ اے کے رائفلز ، میگزین اورگولہ بارود سمیت بڑی مقدار میں ہتھیار ضبط کیے گئے۔










