امت نیوز ڈیسک //
دہرادون: اترکھنڈ وقف بورڈ نے این سی ای آر ٹی نصاب نافذ کرتے ہوئے مدرسوں کو عصری بنانے کے اپنے وعدے کے بعد اب اعلان کیا ہے کہ اس کے زیر انتظام دینی مدارس میں بھگوان رام کی کہانی اور اقدار پڑھائے جائیں گے۔
بورڈ کے صدر نشین شاداب شمس کے مطابق بورڈ جاریہ سال مارچ سے 4 مدارس میں یہ تبدیلیاں نافذ کرے گا اور بعد ازاں اس کے زیر اہتمام تمام 117 مدرسوں میں اسے توسیع دی جائے گی۔
مشہور شاعر علامہ اقبال نے بھی اپنے ایک شعر میں بھگوان رام کو ”امام الہند“ کہاہے۔ ہندوستانی مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ رام کی تقلید کریں کیونکہ ہم عرب نہیں ہیں۔ ہم ایسے مسلمان ہیں جنہوں نے اپنا مذہب اور عبادت کا طریقہ تبدیل کیا ہے لیکن ہم اپنے آباواجداد کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
بھگوان رام سب کے ہیں۔ رام جیسا بیٹا کون نہیں چاہتا، جس نے اپنے باپ کے وعدے کو پورا کرنے سب کو چھوڑ دیا تھا۔ لکشمن جیسا بھائی یا سیتا جیسی بیوی کون نہیں چاہتا۔ ایک طرف ہمارے پاس یہ کردار ہیں تو دوسری طرف اورنگ زیب جیسے کردار بھی ہیں جس نے اپنے بھائی کو قتل کیا تھا اور اپنے باپ کو جیل میں ڈال دیا تھا۔
ہم کسی بھی قیمت پر اورنگ زیب کے بارے میں نہیں پڑھائیں گے بلکہ شری رام اور محمد صاحب کے بارے میں پڑھائیں گے۔ اس بات کی توثیق کرتے ہوئے چاروں عصری مدرسے مارچ سے کام کرنا شروع کردیں گے‘ شمس نے کہا کہ اترکھنڈ وقف بورڈ فروری سے اہل اساتذہ کی تلاش شروع کردے گا۔
ان مدرسوں میں صبح 8 سے 2 بجے دن تک کلاسس ہوں گی اور یہ کسی بھی ماڈرن اسکول کی طرح چلائے جائیں گے ان ماڈل مدرسوں میں 5 وقت نماز ادا کی جائے گی۔
صبح 6:30 بجے کے آس پاس نماز کے بعد ایک گھنٹہ قرآنی تعلیم کے لئے مختص کیا جائے گا۔8 تا 2 بجے دن کے دوران مدرسہ نارمل اسکول کی طرح کام کرے گا۔ کسی بھی انگلش میڈیم اسکول کی طرح یونیفارم لازمی ہوگا۔