امت نیوز ڈیسک //
رام بن: صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن میں پولیس نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے اور ایک خاص طبقے سے وابستہ افراد کے مذہبی جذبات کو زک پہنچانے کی پاداش میں ایک شخص کے خلاف کیس درج کرکے اس کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مسلمانوں کے دینی جذبات کو مجروح کرنے والی ایک توہین آمیز پوسٹ (جس میں اللہ اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف نا زیبا الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ) منظر عام پر آنے کے بعد رام بن کے علماء اور دینی انجمنوں سے وابستہ شخصیات نے سول اور پولیس انتظامیہ کو مطلع کیا۔ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن رامسو میں ایک کیس زیر دفعات 295-A ,153 A و 505 آئی پی سی کے تحت درج کر لی گئی۔
رام بن پولیس نے اس سماجی رابطہ گاہ پر توہین آمیز کلمات پوسٹ کرنے والا شخص کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی چھان بین شروع کر دی اور اس ابتدائی تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گستاخانہ پوسٹ کرنے والا شخص ضلع رام بن کے پوگل پرستان کا رہائشی ہے اور فی الوقت بھٹنڈہ، پنچاب کی ایک یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہے۔
ضلع انتظامیہ رام بن نے سماجی رابطہ گاہ ایکس کے ذریعے کر جانکاری دی ہے ’’ضلع انتظامیہ رام بن عزت مآب جنا ب رسول اکرم ﷺ کی شان میں سوشل میڈیا پوسٹ پر کی گئی گستاخی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ملز م کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘‘ ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ضلع انتظامیہ رام بن ایسے سماج د شمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا نے کی بھر پور صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔‘‘ ادھر، ڈی سی رام بن نے عوام سے امن و امان کی صورتحال اور آپسی بھائی چا رے کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔