امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں آگ کی تین الگ الگ وارداتوں میں نو دکانیں، رہائشی مکان اور ٹیکسی اسٹینڈ خاکستر ہوا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق فروٹ منڈی پارمپورہ میں درمیانی شب اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب دکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید آٹھ دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرچہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں آٹھ دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
متاثرین نے بتایا کہ درمیانی شب دکانوں سے آگ نمودار ہوئی ، گر چہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے تاہم خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے انہیں جائے موقع پر پہنچنے میں کافی وقت لگا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آگ کی اس واردات میں قیمتی مشینیں اور دوسرا سامان پوری طرح سے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا ہے۔
ادھر ہمدانیہ کالونی بمنہ میں شبانہ آگ کی واردات میں رہائشی مکان پوری طرح سے خاکستر ہوا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ درمیانی شب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ چھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے۔
علاوہ ازیں سری نگر کے شالیمار علاقے میں آتشزدگی کی ایک واردات میں دکان اور ٹیکسی اسٹینڈ خاکسترہوا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ فروٹ منڈی پارمپورہ میں درمیانی شب آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر عملہ جائے موقع پر پہنچا۔
انہوں نے کہاکہ چھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابوپایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں سات دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ان کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔