امت نیوز ڈیسک //
گاندربل: جموں وکشمیر پولیس نے ‘رائس مشین گھوٹالے’ میں وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں 12 افراد کو گرفتار کرکے جعلی کرنسی اور پانچ گاڑیوں کو ضبط کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کنگن کو 8 فروری 2024 کی شام کو مصدق ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ کجپارہ میں ڈپمنگ پارک کے پیچھے کچھ لوگ مشکوک حالت میں گھوم رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی ہدایت پر ایس ڈی پی او کنگن مظفر جان کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فوری کارروائی انجام دیتے ہوئے جائے موقع پر چھاپہ مار کر 12 افراد کو گرفتار کیا جو مشتبہ حالت میں گھوم رہے تھے’۔
ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان اور ان کی طرف سے جرم کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑیوں سے 5 ہزار روپیے کے 30 بنڈل، جس کی کل رقم 15 لاکھ روپیے بنتی ہے، کی جعلی کرنسی بر آمد کی گئی جبکہ بھارتی کرنسی کے 56 ہزار 6 سو روپیے بھی بر آمد کئے گئے جس کو بر سر موقع ہی قبضے میں لیا گیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس کے علاوہ جرم کے ارتکاب کے لئے استعمال کی جانے والی 5 گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنگن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔