امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے مرکز سے جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ منعقد کرانے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں حالات پر امن ہیں یہاں اسمبلی انتخابات فوراً سے پیشتر منعقد ہونے چاہئے۔ان کا کہنا تھا: ‘مجھے اپنے پڑوسی ملک سے کوئی واسطہ نہیں ہے میری ذمہ داری ہے کہ یہاں جموں وکشمیر میں جمہوریت بحال ہوجائے’۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘مجھے اپنے پڑوسی ملک سے کوئی واسطہ نہیں ہے وہاں کیا ہو رہا ہے، جموریت ہے یا نہیں یہ میری ذمہ داری نہیں ہے بلکہ میری ذمہ داری یہ ہے کہ یہاں جموں وکشمیر میں جمہوریت بحال ہو’۔
ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات فوراٍ سے پیشتر منعقد ہونے چاہئے یہاں حالات پر امن ہیں یہاں لوک سبھا انتخابات اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ منعقد ہونے چاہئے، یہ مرکز سے میری گذراش ہے کیو نکہ ہمیں پارلیمنٹ سے کچھ نہیں ملتا ہے’۔
مسٹر بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی کے دروازے جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کے لئے کھلے ہیں بشرطیکہ وہ کسی تشدد میں ملوث نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آئین ہند میں حقوق ہیں اور اپنی پارٹی ان کے حصول کے لئے لڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں لوگوں کو اٹانومی، سیلف رول، محاذ رائے شماری کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں اور یہ کارواں مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔