امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: امکان غالب ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا‘ پارلیمانی انتخابات کا شیڈول 13-14 مارچ کو جاری کردے گا۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد مثالی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) فوری لاگو ہوجائے گا۔ کمیشن کی ٹیمیں کئی ریاستوں کے دورہ کرچکی ہیں۔
وہ الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے وہاں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کے ساتھ میٹنگس کرچکی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے عہدیدار فی الحال ٹاملناڈو کے دورہ پر ہیں۔ آئندہ ہفتہ وہ اترپردیش اور جموں وکشمیر جائیں گے۔
ذرائع نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ان کے دونوں نائبین 11-12 مارچ کو جموں وکشمیر جائیں گے اور وہاں الیکشن کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ سیکوریٹی صورتِ حال کا بھی جائزہ لیں گے۔ مختلف ریاستوں کے دورہ میں الیکشن کمیشن کے شیڈول میں جموں وکشمیر سب سے آخر میں ہے۔
اس طرح سمجھا جارہا ہے کہ جموں وکشمیر سے واپسی کے بعد کمیشن‘الیکشن شیڈول کا اعلان کردے گا۔ یاد رہے کہ 2019 کے 7 مرحلوں کے لوک سبھا الیکشن کا اعلان 10 مارچ کو ہوا تھا جبکہ 2014 کے 9 مرحلوں والے لوک سبھا الیکشن کی تاریخیں 5 مارچ کو جاری ہوئی تھیں۔ اس سال لوک سبھا الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہندوستانیوں کی تعداد تقریباً 97 کروڑ ہے۔
تمام ریاستوں / مرکزی زیرانتظام علاقوں میں فہرست رائے دہندگان فروری کے اوائل میں شائع ہوچکی ہیں۔ کئی ریاستوں جیسے آندھراپردیش‘ اوڈیشہ‘ سکم اور اروناچل پردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی الیکشن بہ یک وقت ہوگا۔