سری نگر، 24 فروری: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے شدید سردیوں کا زور جاری ہے اور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے وادی میں 26 فروری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 27 اور 28 فروری کو کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اور برف باری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 29 فروری کو بھی کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بعد میں وادی میں یکم مارچ سے 3 مارچ تک بھی کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اور برف باری ہوسکتی ہے۔
متعلقہ حکام نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے گر آنے کے زیادہ خطرات رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خراب موم کے دوران کہیں کہیں مٹی کے تودے کھسک آنے کے امکانات ہیں۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے شبانہ سردیوں کا زور جاری ہے۔
گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی16.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی20.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔